بریلی،3جولائی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)اکھلیش حکومت کے وقت اتر پردیش میں بنے سائیکل ٹریک کو لے کر وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کے وزیر سریش کھنہ نے بڑا بیان دیا ہے۔سریش کھنہ نے کہا ہے کہ سماج وادی پارٹی کے اقتدار میں رہنے کے دوران بنے سائیکل ٹریک توڑے جائیں گے۔وزیر بننے کے بعد پہلی بار بریلی پہنچے شہری ترقی کے وزیر سریش کھنہ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سماج وادی حکومت میں بنے سائیکل ٹریک کو تڑوایا جائے گا۔جب ان سے پوچھا گیا کہ سائیکل ٹریک پر بہت زیادہ تجاوز ہے؟تب انہوں نے کہا کہ سائیکل ٹریک کو جلد ہی تڑوا دیا جائے گا۔
دراصل زیادہ تر سائیکل ٹریک پر تجاوز ہے جس کی وجہ سے جس مقصد سے وہ ٹریک بنایاگیا تھا وہ پورا نہیں ہو سکا ہے۔ٹریک بننے سے سڑکوں کی چوڑائی بھی کم ہو گئی ہے۔اس سے پہلے بھی سماجوادی پارٹی کے سیاسی مخالفین سائیکل ٹریک کے ارد گرد سرخ سبز سرحدی لائن بنانے پر بھی اعتراض کر چکے ہیں، کیونکہ وہ اسے ایس پی کے فروغ کا ذریعہ سمجھتے ہیں۔آپ کو بتا دیں کہ ایس پی کا جھنڈا سرخ سبز رنگ کا ہے۔
اکھلیش یادو کو سائیکل ٹریک کا آئیڈیا یورپی ملک ہالینڈ کا سائیکل ٹریک دیکھ کر آیا تھا۔2014میں اکھلیش یادو نیدرلینڈ گئے تھے،وہاں پر انہوں نے سائیکل ٹریک بنانے والی کمپنی کو یوپی میں بھی سائیکل ٹریک بنانے کی دعوت دی اور اس طرح یوپی میں سائیکل ٹریک بنانے کی شروعات ہوئی تھی۔